عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو کورونا الاؤنس کی ادائیگی کا حکم

عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو کورونا الاؤنس کی ادائیگی کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو کورونا الاؤنس کی عدم ادائیگی سے متعلق آئینی درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو الاؤنس کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل جبران ناصر نے مؤقف اختیار کیا کہ کورونا وبا کے دوران 2019 میں ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو 24 ہزار روپے ماہانہ کورونا الاؤنس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تاہم تاحال یہ الاؤنس ادا نہیں کیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی تھی اور کورونا الاؤنس شامل ہونے کے بعد انہیں 69 ہزار روپے ماہانہ ملنے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی نوٹیفکیشن کے باوجود سات سال گزر جانے کے باوجود ڈاکٹرز کو الاؤنس ادا نہیں کیا گیا۔ جبران ناصر نے مزید بتایا کہ عباسی شہید اسپتال میں اس وقت 92 ہاؤس جاب ڈاکٹرز تعینات تھے جو کورونا وبا کے دوران اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔ سندھ حکومت کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عباسی شہید اسپتال کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں