امام احمد رضا یونیورسٹی میں قرآنی جمالیات پر سیمینار

امام احمد رضا یونیورسٹی میں قرآنی جمالیات پر سیمینار

ایک روزہ سائنسی و تحقیقی سیمینار میں تبرکات کی نمائش بھی منعقد کی گئیسیلانی کے زیر انتظام سینٹر فار سوشیو سائنٹفک اینڈ صوفک ریسرچ کا اعلان

کراچی(آئی این پی)امام احمد رضا یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجیز (مجوزہ) کے گوہر گرین سٹی کیمپس میں ’’قرآنی جمالیات‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ سائنسی و تحقیقی سیمینار اور مقدس تبرکات کی خصوصی نمائش منعقد کی گئی۔ تقریب کا اہتمام دی حکمہ نیکسس: حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی سینٹر فار سوشیو سائنٹفک اینڈ صوفک ریسرچ، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ و چانسلر امام احمد رضا یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجیز (مجوزہ) مولانا بشیر احمد فاروقی جبکہ مہمان اعزازی سابق چیئرمین شعبہ کیمسٹری، وفاقی اردو یونیورسٹی پروفیسر سید اصغر علی تھے۔

اپنے خطاب میں حضرت مولانا بشیر احمد فاروقی نے دی حکمہ نیکسس، حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی سینٹر فار سوشیو سائنٹفک اینڈ صوفک ریسرچ کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز قرآنِ کریم، سیرتِ نبوی ؐ، جدید سائنسی تحقیق، سماجی مسائل اور روحانی علوم کے باہمی تعلق پر کام کرے گا۔ غیر معمولی ترقی کے باوجود انسان آج بھی حقیقت، مقصدِ حیات اور روحانی سکون کی تلاش میں ہے ، اس لیے قرآن و سنت کی روشنی میں تحقیقی مرکز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اس مرکز کے دو بنیادی مقاصد ہوں گے ۔ پہلا مقصد قرآنِ کریم اور جدید سائنسی ترقی، ماحولیاتی تبدیلیوں اور عصرِ حاضر کے سماجی مسائل کے درمیان تعلق پر تحقیق ہے ، جبکہ دوسرا مقصد تصوف، تزکیہ نفس اور اسلام کی روحانی و اخلاقی تعلیمات کو مستند علمی انداز میں پیش کرنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں