نیو سبزی منڈی میں ٹرانسپورٹرز کیلئے سہولت ڈیسک بنانے کا فیصلہ
محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں ڈیسک کے قیام کی منظوری ،متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری اقدام کا بنیادی مقصد کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کرنا ہے ،شرجیل میمن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے نیو سبزی منڈی میں ٹرانسپورٹرز کی سہولت کے لیے خصوصی ون ونڈو فیسلی ٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک اہم اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کو ایک ہی مقام پر تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیسلی ٹیشن ڈیسک کے قیام کی منظوری دی گئی۔سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نیو سبزی منڈی میں قائم کیے جانے والے اس ون ونڈو فیسلی ٹیشن ڈیسک کا مقصد کراچی آنے والی مال بردار اور کمرشل گاڑیوں کو روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کے اجرا اور تجدید کی سہولت ایک ہی جگہ پر فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد 30 جون 2026 تک زیادہ سے زیادہ کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو حکومت سندھ کے ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کرنا ہے تاکہ قانونی تقاضوں کی تکمیل، ٹرانسپورٹرز کو بروقت سہولتوں کی فراہمی اور مالی سال 2025-26 کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے ۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ فیسلیٹیشن ڈیسک کو آئندہ ایک ہفتے کے دوران مکمل طور پر فعال بنایا جا رہا ہے ، جبکہ عملے کی تعیناتی، آگاہی مہم، بینرز اور عوامی نوٹسز سمیت تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹرانسپورٹرز اس سہولت سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی خدمات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مکمل ڈیجیٹائزیشن کے وژن پر تیزی سے عمل پیرا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو زیادہ موثر، شفاف اور آسان خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو سبزی منڈی میں فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام سے ٹرانسپورٹرز کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی جبکہ ڈیجیٹل روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے نظام کے ذریعے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں بچت ممکن ہو سکے گی۔