میرپور خاص:منشیات فروشوں کے سہولتکار16پولیس اہلکار برطرف
3کو جبری ریٹائرمنٹ کی سزا، 4انسپکٹرز، ایک اے ایس آئی کے عہدے میں تنزلی ملوث عناصر اور انکے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی،ڈی آئی جی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) منشیات فروشوں کے سہولت کاروں کے خلاف بڑا آپریشن، 16 پولیس اہلکار برطرف، متعدد افسران و اہلکاروں کو سخت سزائیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں مکمل کرلیں۔ مختلف ذرائع سے موصولہ رپورٹس، انکوائریوں اور دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے کے بعد محکمانہ قواعد و ضوابط کے تحت سزائیں سنائی گئیں۔ آرڈرلی روم کے فیصلوں کے مطابق 16 پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
جن میں کانسٹیبل امام الدین، عابد حسین ، محمد نواز ناریجو، عبدالحمید بروہی، آصف جونیجو، محسن جٹ، امیر علی ساند، لقمان نہڑی، عبدالرحیم خاصخیلی، ہیڈ کانسٹیبل محمد رفیق، کانسٹیبلعبدالرحمن چانڈیو، امتیاز اقبال، اللہ بخش خاصخیلی، اللہ بخش کپری اور شاہ زمان سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔ اسی طرح اے ایس آئی سعادت احمد آرائیں، ہیڈ کانسٹیبل شیر علی لغاری اور کانسٹیبل صابر زمان کو جبری ریٹائرمنٹ کی سزا سنائی گئی۔ 4 انسپکٹرز اور ایک اے ایس آئی کو عہدے میں تنزلی کی سزا دی گئی جبکہ 30 افسران و اہلکاروں کو فارفیچر آف اپرووڈ سروس، 22 افسران و اہلکاروں کی سالانہ انکریمنٹ روکنے اور 6 افسران و اہلکاروں کو سنسر کی سزا دی گئی۔ ایک سب انسپکٹر، دو اے ایس آئز، پانچ ہیڈ کانسٹیبلز اور 16 کانسٹیبلز کو معطلی سے بحال کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ۔ ڈی آئی جی کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا کہ منشیات فروشی معاشرے کے لیے ناسور بن چکی ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر یا ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔