ہیوی ٹریفک نے مزید3نوجوانوں کی جان لے لی
اسکیم 33میں واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی،22سالہ زوہیب چل بسا ٹرک نے نوجوان کو کچل دیا، کمپنی میں ٹرک کے نیچے آکر محمد عاطف دم توڑ گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹریفک پولیس کی تمام تر کوششوں کے باوجود ہیوی ٹریفک سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے باعث 3 نوجوان جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلزار ہجری اسکیم 33 میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پہلے عباسی شہید اسپتال اور بعد ازاں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج 22 سالہ زوہیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دوسرے 16 سالہ نوجوان شہباز کی حالت بھی انتہائی نازک بتائی جاتی ہے ۔ دوسری جانب شیر شاہ تھانے کی حدود گلبائی پل کے نیچے تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو کچل دیا۔ چھیپا ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 19 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان محمد انس ولد محمد اقبال موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ متوفی کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاوہ ازیں گھگھر پاٹک کے قریب ٹائر کمپنی کے اندر ٹرک تلے آکر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 18 سالہ محمد عاطف کے نام سے ہوئی ہے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔