صدر موبائل مارکیٹ سے غیر قانونی سائن بورڈ ہٹا دیا گیا
کراچی(اے پی پی)اسسٹنٹ کمشنر صدر حاظم بھنگوار نے صدر موبائل مارکیٹ کی پرائم لوکیشن پر نصب ایک بڑے غیر قانونی سائن بورڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے ہٹا دیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق حاظم بھنگوار نے کہا کہ مذکورہ سائن بورڈ غیر قانونی طور پر نصب کیا گیا تھا اور اس سے شہریوں اور راہ گیروں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق تھے ۔انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کی واضح ہدایات ہیں کہ شہر میں کسی بھی مقام پر غیر قانونی سائن بورڈ نصب نہ ہونے دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے کرین کی مدد سے سائن بورڈ کو ہٹانے کے ساتھ اس کے لوہے کا فریم بھی مکمل طور پر نکال دیا تاکہ مستقبل میں کسی قسم کا خطرہ باقی نہ رہے ۔اسسٹنٹ کمشنر صدر نے کہاکہ غیر قانونی سائن بورڈز شہریوں کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔