گلیانہ تا ملکہ روڈ عرصہ سے شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار
گلیانہ تا ملکہ روڈ عرصہ سے شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکارگہرے گڑھوں کے با عث سفر محال ، حادثات میں اضافہ،گاڑیوں کو نقصان
گلیانہ (نامہ نگار )گلیانہ تا ملکہ روڈ عرصہ دراز سے شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں، طلبہ، ملازمین اور اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے اور گہرے گڑھوں کی وجہ سے حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خستہ حال سڑک کے باعث مریضوں کو ہسپتالوں تک بروقت منتقل کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے ۔ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے اور سڑک پر سفر کرنا کسی امتحان سے کم نہیں ۔اہلِ علاقہ کے مطابق ہائی وے گجرات کی ایک ٹیم چند روز قبل سڑک کا جائزہ لینے آئی تھی اور چند مقامات پر عارضی پیچ ورک کیا گیا تاہم سڑک کی مجموعی حالت میں کوئی نمایاں بہتری نہیں آ سکی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے مکمل تعمیر و مرمت ناگزیر ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گلیانہ تا ملکہ سڑک کی فوری بنیادوں پر ازسرِ نو تعمیر اور مرمت کیلئے فنڈز جاری کئے جائیں۔تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات اور حادثات کے خطرات کا خاتمہ ہو سکے ۔