راہوالی :میٹرو بس کا سٹاپ نہ بنانے پر شہریوں کا احتجاج
راہوالی :میٹرو بس کا سٹاپ نہ بنانے پر شہریوں کا احتجاج مقامی رہائشیوں کیلئے جی ٹی روڈ پر میٹرو سٹیشن بنانے کیلئے کھودا گڑھا بھر دیا گیا
راہوالی (نامہ نگار)راہوالی کے تقریباً 4لاکھ عوام کو میٹرو بس کا سٹاپ نہ دینے پر شہریوں کا شدید احتجاج ، کھٹائی میں پڑے منصوبے کا ٹھیکیدار کمپنیوں کی وجہ سے تعمیر میں تاخیر اور جگہ جگہ کھدائی اور پھر ان گڑھوں کو بھر کر دوبارہ کئی جگہوں پر کھدائی شروع کرنے سے ایک طرف حکومت کی طرف سے دی جانے والی گرانٹ میں اضافہ ، دوسری طرف عوام کیلئے دشواریوں کا سبب بننے لگا جبکہ راہوالی کے عوام کیلئے جی ٹی روڈ پر میٹرو سٹیشن بنانے کیلئے کھودا گڑھا بھر دیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ راہوالی کے عوام کیلئے جی ٹی روڈ پر دیا گیا میٹرو سٹیشن ختم کرکے آبادی سے دور ایک طرف چناب گیٹ دوسری طرف گلشن لیبر کالونی کے سامنے4کلو میٹر کے فاصلہ پر میٹروبس سٹیشن بنانے کا منصوبہ شروع کردیا گیا ،اب راہوالی کی 4لاکھ کے قریب آبادی کل کو میٹرو پر سفر کرنے کیلئے ایک طرف 2کلو میٹر اور دوسری طرف 4کلو میٹر سفر کرکے میٹروسٹیشن پر پہنچیں گے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ راہوالی کے عوام کو میٹرو پر سفر کا حق نہیں ملنا تو بس کسی اور سڑک سے گزار لیں ،تاریخی قصبہ راہوالی کو میٹروسٹیشن ختم کرکے اس سہولت سے محروم کیوں رکھا جارہا ہے جبکہ حلقہ کے ایم پی اے اور ایم این اے کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز، ارکان اسمبلی محمود بشیر ورک، بلال فاروق تارڑ، ناصر چیمہ راہوالی کے عوام کیلئے میٹرو سٹیشن کی تعمیر یقینی بنائیں ورنہ عوام اپنے جائز حق سے محروم رکھنے والوں کے خلاف احتجاج کرینگے ۔