اندرون سندھ:ٹریفک حادثات دیگر واقعات نے 7جانیں لے لیں
روہڑی، لاڑکانہ کی نہروں میں بچہ اور نوجوان ڈوب گئے ، لاشوں کی تلاش جاریمحراب پور میں حادثے ، سانپ کے ڈسنے سے 4افراد ہلاک، خاتون کی خودکشی
محراب پور، اندرون سندھ (نمائندگان) ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات نے 7 افراد کی جانیں لے لیں۔ روہڑی کے نواحی علاقے چھوہارا منڈی کے گاؤں خانن ماچھی کا رہائشی 7 سال بچہ عبدالمجید ولد علی شیر میرانی مبینہ پاؤں پھسلنے سے نارا کینال میں گر کر ڈوب گیا، جس کی لاش کی تلاش جاری ہے۔ لاڑکانہ شہر کی لہر کالونی کا رہائشی 20 سالہ نوجوان مزمل شیخ شہر سے گزرنے والی رائس کینال میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا، جس کی لاش نہیں مل سکی تھی، نوجوان کے والد منیر احمد شیخ نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 سے مدد کی اپیل کی ہے۔ محراب پور کے قریب مہران ہائی وے پر ویگو گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوید کھیمٹیو اور عطا محمد جروار جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں حمیر اعوان زخمی ہوا، جسے گمبٹ اسپتال داخل کرا دیا گیا۔ دوسری جانب سوئی گیس کے قریب بیڑو خان شر میں سمیع اللہ شر ولد عنایت اللہ شر کو کھیت میں کام کرتے سانپ نے ڈس لیا، اسے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن بروقت انجیکشن نہ لگنے سے وہ زندگی کی بازی ہار گیا، گاؤں بالا خان بروہی میں 11 سالہ مسعود علی ولد غلام علی بروہی بھی سانپ کے ڈسنے سے چل بسا۔ دوسری جانب وارڈ نمبر 1 کی رہائشی 25 سالہ فہمیدہ نوناری زوجہ جاوید وڈھن پوٹو نے گھریلو جھگڑے پرمبینہ زہر کھا کر خودکشی کرلی، ذرائع خودکشی کو مشکوک قرار دے رہے ہیں۔جاوید وڈھن پوٹو کی یہ تیسری شادی تھی، لاش ورثاء حوالے کر دی گئی۔