شوہر کے تشدد سے جاں بحق مصباح کی قبرکشائی

شوہر کے تشدد سے جاں بحق مصباح کی قبرکشائی

عدالتی حکم پر قبر سے مختلف نمونے لیکر فارنزک کے لیے بھیج دیے گئےرپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ واضح ہو سکے گی،پولیس سرجن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں شوہر کے مبینہ تشدد سے 18 سالہ مصباح کے جاں بحق ہونے کی تحقیقات جاری ہے ۔عدالتی حکم پر کراچی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق، مجسٹریٹ، وکلا اور پولیس کی نگرانی میں قبر کشائی کا عمل مکمل کرکے قبر سے مختلف نمونے لے کر فارنزک کے لیے بھیج دیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق 9 جون کو سرجانی ٹاؤن کی رہائشی 18 سالہ مصباح شوہر سلمان عرف شہریار بٹ کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہو گئی تھی متوفیہ کے گھر والوں نے الزام لگایا تھا کہ مصباح کو اس کے شوہر نے جہیز میں موٹر سائیکل نہ لانے پر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا تھا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئی تھی۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے متوفیہ کے شوہر سلمان عرف شہریار بٹ کو حراست میں لے لیا تھا جبکہ موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے متوفیہ کی قبر کشائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے تھے ۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کی سربراہی میں خصوصی میڈیکل بورڈ نے بشیر چوک قبرستان میں قبر کشائی کی۔۔لاش سے مختلف نمونے حاصل کیے گئے ، جنہیں فارنزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کا کہنا ہے سیمپل وغیرہ لے لیے گئے ہیں، رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ واضح ہو سکے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں