اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی کارروائی، مغوی 13 سالہ بچہ بحفاظت بازیاب

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی کارروائی، مغوی 13 سالہ بچہ بحفاظت بازیاب

طفل یاسر کو 20جون کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کیا،رہائی کیلئے 20لاکھ روپے تاوان طلب کیا

کراچی(اے پی پی)اینٹی وائلنٹ کرائم سیل(اے وی سی سی)/ سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا کی حدود سے تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے 13سالہ بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ۔ترجمان ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق13 سالہ طفل یاسر 20 جون کو اپنے چچا کے ہمراہ معمول کے مطابق کام پر جانے کے لیے گھرسے نکلا جسے اس کے چچا نے پرانی ایوب گوٹھ چوکی پر اتارا جہاں مغوی طفل یاسر کو نامعلوم ملزمان نے ایک کارمیں اغوا کر لیا اور اس کی رہائی کے عوض 20لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔

جس کا مقدمہ تھانہ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا میں درج کیاگیا۔ مقدمہ کی تفتیش اے وی سی سی /سی آئی اے کراچی کے حوالے کی گئی ۔ایس ایس پی اے وی سی سی /سی آئی اے نے اپنی نگرانی میں آٹی اسٹاف کے ہمراہ ایک پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے ماڈل کالونی میں کارروائی کرکے مغوی طفل یاسر کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔اے وی سی سی نے کارروائی کے دوران 2ملزمان روحیل خان اور روحان خان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک 9ایم ایم پستول بمعہ راؤنڈز برآمد کرلیا ۔پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں