مرکزی مسلم لیگ کے روزگار سہولت پروگرام کی تقریب
شہریوں میں بائیکس، لیپ ٹاپ، فوڈ کارڈ اور جوکی مشینیں تقسیم کی گئیں تنخواہوں میں محض 7 فیصد اضافہ عوام کے ساتھ ناانصافی ،احمدندیم اعوان
کراچی(این این آئی)مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت روزگار سہولت پروگرام کے 14ویں مرحلے کی تقریب کا انعقاد ہوا ، جس میں سیکڑوں خاندانوں کو ان کا مطلوبہ روزگار فراہم کیا گیا۔پروگرام کے دوران شہریوں میں بائیکس، لیپ ٹاپ، فوڈ کارڈ اور جوکی مشینیں تقسیم کی گئیں تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔تقریب میں مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، جوائنٹ سیکرٹری فیصل علی بلوچ، روزگار سہولت پروگرام کے ذمہ دار انجینئر خضر خان، عادل علی اور عبدالوحید و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد ندیم اعوان نے کہا کہ عالمی حالات کو جواز بنا کر وقت سے پہلے پیٹرول مہنگا کرنے والے حکمران عوام کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ منتقل نہیں کر رہے ۔ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی کے باوجود تنخواہوں میں محض 7 فیصد اضافہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کمر توڑ مہنگائی اور بڑھتی بے روزگاری کے باوجود حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا کوئی احساس نہیں، حکمران اپنی سہولتوں میں مصروف ہیں جبکہ مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہر میدان میں عوام کی آواز بنی ہے ۔انجینئر خضر خان نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ گزشتہ 13 پروگراموں میں 1650 سے زائد خاندانوں کو روزگار فراہم کر چکی ہے اور خدمت انسانیت کا یہ سفر جاری رکھا جائے گا۔