ریٹائر ڈ بلدیاتی ملازمین کیلئے پنشن کارڈ کی تجویز

ریٹائر ڈ  بلدیاتی  ملازمین  کیلئے   پنشن  کارڈ  کی  تجویز

ساڑھے گیارہ ہزار ملازمین کو ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی گئی،تمام اضلاع میں انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر توجہ ، سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کی تعمیر و مرمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گاایسی سڑکیں جو کے ایم سی کے ماتحت نہیں ہیں انہیں بھی بنایا جائیگا،پارکس، کھیل کے میدانوں اور اربن فاریسٹ منصوبوں پر کام جاری،میئرمرتضیٰ وہاب،مالی سال 27-2026 کا بجٹ پیش

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کا متوازن اور ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے ، کراچی کے تمام اضلاع میں انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر توجہ دی جا رہی ہیں، انفرا اسٹرکچر، سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کی تعمیر و بحالی جاری رہے گی، جبکہ ایسی سڑکیں جو کے ایم سی کے ماتحت نہیں ہیں انہیں بھی بنایا جائے گا۔سٹی کونسل اجلاس میں بجٹ پیش کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کے ساڑھے گیارہ ہزار ملازمین کو ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی گئی، ریٹائرڈ ملازمین کے لیے پنشن کارڈ متعارف کروانے کی تجویز ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی ترجیحات میں کراچی کی خدمت شامل ہے ، پیپلز پارٹی کو بلدیاتی سطح پر پہلی مرتبہ خدمت کا موقع ملا ہے ۔میئر کراچی نے مالی سال 27-2026 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ میں شہری مسائل کے حل، انفرااسٹرکچر کی بحالی، ملازمین کی فلاح اور ماحول دوست منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے ۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی، انفرااسٹرکچر کی بحالی، سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کی تعمیر و مرمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ایسے علاقوں میں بھی ترقیاتی کام کیے گئے اور آئندہ بھی کیے جائیں گے جو کے ایم سی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے ، تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں 31 لاکھ 92 ہزار اسکوائر فٹ پیچ ورک مکمل کیا گیا، ایک کروڑ 23 لاکھ 31 ہزار اسکوائر فٹ پیور بلاکس لگائے گئے ، 99 ہزار 450 اسکوائر فٹ فٹ پاتھ تعمیر و بحال کیے گئے ۔ نرسری فلائی اوور، جناح برج اور شہید ملت روڈ کی تعمیر و بحالی مکمل کر لی گئی، عظیم پورہ فلائی اوور صرف 93 روز میں مکمل کیا گیا، اسٹون سرکل کی بھی تزئین و آرائش کی گئی۔میئر کراچی نے کہا کہ مختلف پارکس، کھیل کے میدانوں اور اربن فاریسٹ منصوبوں پر کام جاری ہے ، شاہراہ بھٹو پر ایک لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا، جن میں سے تقریباً 10 ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں، شہید بے نظیر بھٹو پارک میں 5 ہزار مینگروز لگانے کا منصوبہ بھی جاری ہے ۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی ملک کا پہلا شہر بن گیا جہاں میونسپل بانڈز جاری کیے گئے ، کے ایم سی کی 32 چارجڈ پارکنگ سائٹس پر پارکنگ فیس ختم کر دی گئی۔اجلاس میں رینجرز کے کیمپ میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں