شاہ عبداللطیف بھٹائی عرس کے انتظامات آخری مراحل میں داخل
مٹیاری(نامہ نگار)شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہوگئے، وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا 283 واں سالانہ عرس سندھ کی امیر تہذیب، امن اور رواداری کا عکاس ہوگا۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ انتظامات کو بروقت اور فول پروف طریقے سے حتمی شکل دی جائے ۔ بھٹ شاہ کلچر ریسٹ ہاؤس میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آنے والے زائرین کے وقار، سہولت اور سکیورٹی کو اولین ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے حکام کو ٹریفک کی روانی کے مسائل حل، خصوصی شٹل سروس فعال اور وی وی آئی پیز نقل و حرکت کے دوران مقامی بازاروں کو زبردستی بند نہ کرنے کی سخت ہدایت بھی کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے بتایا کہ سکیورٹی، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، بلا تعطل بجلی کی فراہمی، صحت کی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی خدمات سے متعلق تمام ضروری انتظامات تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے ہنگامی گاڑیوں کیلئے مخصوص راستوں کو کھلا رکھنے کی ہدایات اور مون سون کی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر قبل از وقت کانٹیجنسی پلان تیار کرنے کی تاکید کی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے اجلاس کو یقین دلایا کہ مزار کے احاطے ، میلے کے میدانوں، پارکنگ لاٹس اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments