کالج پرنسپلز سے سامان کی وصولی کے سرٹیفکیٹس طلب
شفافیت اور جوابدہی یقینی بنانے کیلئے ریکارڈ جلد ارسال کیا جائے ،سیکریٹری کالجزندیم میمن کی زیر صدارت اجلاس،بعض کالجز میں سامان کی عدم دستیابی پربرہمی
کراچی (آئی این پی)سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ ندیم الرحمن میمن کی زیر صدارت محکمہ کے ترقیاتی، انتظامی، مالی اور آڈٹ امور سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری کالجز کے لیے فرنیچر، کمپیوٹرز اور لیبارٹری آلات کی خریداری، جاری ترقیاتی منصوبوں، بھرتیوں، مالی امور اور آڈٹ معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں الی سال 2021 سے 2025 کے دوران سرکاری کالجوں کے لیے خریدے گئے فرنیچر، کمپیوٹرز اور لیبارٹری آلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس پر سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ ندیم الرحمن میمن نے تمام متعلقہ پرنسپلز سے سامان کی وصولی کے سرٹیفکیٹس طلب کر لیے اور ہدایت کی کہ فراہم کیے گئے سامان کی مکمل تصدیق کرکے ریکارڈ جلد از جلد محکمہ کو ارسال کیا جائے تاکہ خریداری اور فراہمی کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
ساتھ ہی ساتھ سیکریٹری ندیم میمن نے بعض کالجز میں سامان کی عدم دستیابی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سابقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران اور ٹھیکیداروں کو فوری نوٹسز جاری کرنے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ سیکریٹری کالجز نے بنیادی سہولیات، انفرااسٹرکچر اور ضروریات سے متعلق جامع ڈیٹا بیس تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مقررہ مدت میں تمام کالجوں سے معلومات جمع کرنے کا حکم دے دیا تاکہ آئندہ ترقیاتی منصوبہ بندی اداروں کی حقیقی ضروریات اور زمینی حقائق کے مطابق کی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments