کھپرو :محکمہ جنگلات کے ملازم کا غریب مزدور کے گھر پر دھاوا
خواتین، بچوں پر مبینہ تشدد، جگہ خالی کرنے کی دھمکی، متاثرین کا واقعہ کیخلاف احتجاجحکام تشدد کرنیوالے ملازم کو گرفتار، ہمیں بے گھر ہونے سے بچائیں، خواتین کا مطالبہ
کھپرو (نمائندہ دنیا)محکمہ جنگلات کے ملازم کا غریب مزدور کے گھر میں داخل ہو کر خواتین اور بچوں پر مبینہ تشدد، جبکہ خواتین اور بچوں نے واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر مسمات کیکو بھیلن، مسمات بھاگی بھیلن اور تلوکو بھیل نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ہم بھوپی بیلے کے رہائشی ہیں ، بدھ کی صبح تمام مرد مزدوری کے سلسلے میں گھر سے باہر گئے ہوئے تھے کہ محکمہ فاریسٹ کے ملازم عالم شاہ نے اچانک گھر میں زبردستی داخل ہو کر خواتین اور بچوں کو مغلظات بکنا شروع کر دیں اور کہا کہ تم نے کس کی اجازت سے اس جگہ پر جھونپڑی بنائی ہے اور اس نے مبینہ طور پر خواتین اور بچوں کو جگہ خالی کرنے کی دھمکیاں دیں۔ کیکو بھیلن کے مطابق اس موقع پر مبینہ طور پر عالم شاہ نے میرے بیٹے راجیش پر تشدد شروع کر دیا ، جس پر ہم بچانے آئے تو اس نے ہمیں بھی زدوکوب کیا اور کہا کہ ہم فوری طور پر یہاں سے چلے جائیں۔ خواتین کا کہنا تھا کہ جہاں ہماری جھونپڑی ہے اسی جگہ لوگوں نے پختہ مکانات بھی تعمیر کر رکھے ہیں، لیکن انہیں گھر خالی کرنے کا نہیں کہا گیا، کیا قانون صرف غریب کے لیے ہے ۔ اس موقع پر خواتین نے روتے ہوئے بتایا کہ ہم غریب مزدور ہیں، اگر ہمیں بے گھر کیا گیا تو ہمارے سروں سے چھت چھن جائے گی۔ ہم آئی جی سندھ، ڈی آئی جی نواب شاہ، ایس پی سانگھڑ، ایم این اے شازیہ مری ودیگر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تشدد کرنے والے ملازم کو گرفتار کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments