انٹر داخلے ، ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد درخواستیں
کمپیوٹر سائنس میں داخلہ کے لیے درخواستوں کا تناسب بڑھا ،یکم اگست سے صوبے بھر کے کالجز میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز کردیا جائے گا،وزیر تعلیمکمپیوٹر لیبارٹریز کو جدید بنانے کے ساتھ کالجوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ،والدین بچوں کی حاضری پر خصوصی توجہ دیں،سردارشاہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے آن لائن داخلہ پورٹل سندھ الیکٹرانک سینٹرلائزڈ کالج ایڈمیشن پروگرام کے تحت گیارہویں جماعت میں داخلوں کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے ۔ آن لائن پورٹل کے ذریعے ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اس موقع پر کہا ہے کہ سندھ کے سرکاری کالجوں میں تعلیمی معیار اور سہولیات کو پہلے سے کہیں زیادہ بہتر بنایا گیا ہے ، جبکہ داخلہ مراحل کی تکمیل کے بعد یکم اگست 2026 سے صوبے بھر کے کالجز میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز کردیا جائے گا۔
وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ محکمہ کالج سندھ کے مقاصد میں طلبہ کو داخلہ کے ساتھ معیاری، محفوظ اور مؤثر تعلیمی ماحول مہیا کرنا بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کالجوں میں اساتذہ کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ مختلف مضامین کے اساتذہ کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے ، جبکہ طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی حاضری کو بھی مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی کالج حاضری پر خصوصی توجہ دیں تاکہ حکومت، اساتذہ اور والدین کی مشترکہ کاوشیں طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی سال 2027-2026 میں کمپیوٹر سائنس میں داخلہ کے لیے درخواستوں کا تناسب بڑھا ہے جس سے نوجوانوں کے رجحان کو سمجھنے میں مدد ملی ہے انہوں نے مزید کہا کہ کالجوں میں کمپیوٹر لیبارٹریز کو جدید بنانے کے ساتھ کالجوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے تا کہ لیب کلاسز کے دوران بچوں کا تدریسی عمل متاثر نہ ہو سکے ۔ محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے مطابق آن لائن درخواستوں کی وصولی 14 جولائی تک جاری رہی ۔محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ بھر سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 60 ہزار 59 درخواستیں موصول ہوئیں۔
ان میں کراچی ریجن سے 98 ہزار 646، حیدرآباد ریجن سے 24 ہزار 987، سکھر ریجن سے 10 ہزار 303، شہید بینظیر آباد ریجن سے 9 ہزار 736، لاڑکانہ ریجن سے 8 ہزار 722 جبکہ میرپورخاص ریجن سے 7 ہزار 665 درخواستیں موصول ہوئیں۔ گروپ وار اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 62 ہزار 163 درخواستیں پری میڈیکل گروپ کے لیے موصول ہوئیں، جبکہ جنرل سائنس (کمپیوٹر سائنس) گروپ کے لیے 39 ہزار 959، پری انجینئرنگ کے لیے 27 ہزار 587، کامرس کے لیے 20 ہزار 123، ہیومینیٹیز/آرٹس کے لیے 10 ہزار 26 اور ہوم اکنامکس گروپ کے لیے 200 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments