سول اسپتال جیکب آباد، غائب ڈاکٹرز، عملے کیخلاف کارروائی کی سفارش
ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد کامحکمہ صحت سندھ کوخط، محکمانہ کارروائی کی سفارش کی اسپتال میں طبی سہولیات، صفائی کا فقدان، تادیبی اقدامات ناگزیر ہیں، خط کا متن
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جیکب آباد سول اسپتال کے 8 ڈاکٹر اور عملہ غیر حاضر، ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت سندھ کو کارروائی کی سفارش کردی۔ تفصیلات کے مطابق سول اسپتال جیکب آباد میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیر حاضری پر ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد ساہی نے محکمہ صحت سندھ کو خط لکھ کر محکمانہ کارروائی شروع کرنے کی سفارش کردی، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے سیکریٹری صحت سندھ کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سول اسپتال جیکب آباد کے اچانک دورے کے دوران اسپتال میں طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، عملے کی حاضری اور ڈاکٹروں کے ڈیوٹی روسٹر کا جائزہ لیا گیا، خط کے مطابق حاضری ریکارڈ اور موقع پر موجودگی کی جانچ کے دوران متعدد ڈاکٹر اور طبی عملہ اپنی مقررہ ڈیوٹی پر موجود نہیں پائے گئے جبکہ بعض کے حاضری رجسٹر میں بھی اندراج موجود نہیں تھا، ڈپٹی کمشنر کے مطابق غیر حاضر پائے جانے والوں میں فزیوتھراپی ٹیکنیشن نذیر احمد کناسرو، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد سہیل، سینئر نرس خالد حسین، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عمران خان، ویمن میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عنبر، ڈاکٹر بی بی کوثرودیگر شامل ہیں، خط میں کہا گیا کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیر حاضری سنگین معاملہ ہے جس سے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد نے سیکریٹری صحت سے درخواست کی کہ غیر حاضر ملازمین کیخلاف قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے جس میں شوکاز نوٹس، معطلی، تنخواہوں اور الاؤنسز کی بندش سمیت دیگر تادیبی اقدامات شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments