لڑکی کی پھندا لگی لاش ملنے کا کیس حل، ملزم گرفتار
ملزم فیضان مقتولہ کا قریبی رشتہ دار اور سابق منگیتر نکلا،گلا دبا کر قتل کیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) کیماڑی کے علاقے جیکسن میں فلیٹ سے 16 سالہ لڑکی کی پھندا لگی لاش ملنے کے سنسنی خیز کیس کا ڈراپ سین ہو گیا۔تفتیشی ٹیم جیکسن نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کیس کے مرکزی ملزم فیضان کو گرفتار کر لیا ہے ، جو مقتولہ کا قریبی رشتہ دار اور سابق منگیتر ہے ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی نے بتایا کہ ملزم فیضان مقتولہ سے منگنی ختم ہونے اور دوسری جگہ منگنی طے پانے پر شدید رنجش رکھتا تھا۔وقوعہ کے روز جب مقتولہ کی والدہ اپنی ملازمت پر گئی ہوئی تھیں اور لڑکی گھر میں اکیلی تھی، تو موقع کا فائدہ اٹھا کر ملزم فلیٹ میں داخل ہوا، ملزم نے لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد میں اس کا گلا دبا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ملزم نے جرم چھپانے کے لیے مقتولہ کی لاش کو پھندے سے لٹکا کر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ملزم مقتولہ کے خاندان کے ہمراہ اسی رہائشی عمارت کی بالائی منزل پر مقیم تھا اور وقوعہ کے بعد شک سے بچنے کے لیے خود پولیس کے ساتھ مل کر ’نامعلوم ملزمان‘ کی تلاش اور تفتیش کا ناٹک بھی رچایا۔ ایس ایس پی مسرور احمد جتوئی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا، تاہم سائنسی اور روایتی تفتیش کے بعد سچائی سامنے آنے پر ملزم کو دھر لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments