توانائی بحران کنٹرول کیلئے متبادل ذرائع کافروغ ناگزیر

توانائی بحران کنٹرول کیلئے متبادل ذرائع کافروغ ناگزیر

فوسل فیولز کااستعمال توانائی، ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے دوچار، پروفیسرعبدالمجیدکاربن ڈائی آکسائیڈ ودیگر گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج بڑھ رہا، حکمت عملی بنانی ہوگی

کراچی(سٹی ڈیسک)وفاقی اردو یونیورسٹی کے ممتاز سائنسدان اور شعبئہ کیمیا سے وابستہ ماہرِ توانائی پروفیسر عبدالمجید خان نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت توانائی، ماحولیاتی تبدیلی اور موسمیاتی بحران جیسے سنگین چیلنجز سے دوچار ہے ، جن کی بنیادی وجوہات میں فوسل فیولز (تیل، گیس اور کوئلے ) کا مسلسل اور بے تحاشا استعمال شامل ہے ۔ ان ایندھنوں کے استعمال سے نہ صرف کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج بڑھ رہا ہے ، بلکہ گلوبل وارمنگ، فضائی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی، سمندر کی سطح میں اضافہ، شدید گرمی کی لہروں، خشک سالی اور غیر متوقع بارشوں جیسے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں، جس کیخلاف حکمت عملی اپنانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب، فوسل فیولز کے محدود ذخائر اور ان کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ ترقی پذیر ممالک کے لئے ایک بڑا معاشی چیلنج بن چکا۔ درآمدی ایندھن پر انحصار نہ صرف زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ ڈالتا ہے بلکہ قومی توانائی کے تحفظ کو بھی متاثر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان مسائل کا دیرپا اور مؤثر حل صرف متبادل اور قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے میں مضمر ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شمسی توانائی سورج کی روشنی کو براہِ راست بجلی میں تبدیل کرتی ہے ، جس میں کسی قسم کے مضر اخراج نہیں ہوتے ۔ پاکستان جیسے ملک، جہاں سال کے بیشتر حصے میں دھوپ وافر مقدار میں دستیاب ہوتی ہے ، وہاں سولر انرجی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کا انتہائی مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ونڈ انرجی ہوا کی قدرتی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے ماحول دوست بجلی پیدا کرتی ہے جبکہ ہائیڈرو پاور پانی کے بہاؤ سے کم لاگت اور طویل المدتی بجلی فراہم کرتی ہے ۔ اسی طرح بائیو فیولز زرعی باقیات، نامیاتی فضلے اور حیاتیاتی مواد سے تیار کیے جاتے ہیں جو نہ صرف فضلہ کم کرتے ہیں بلکہ متبادل ایندھن بھی فراہم کرتے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...