تیل کی قیمتوں کے تعین کیلئے ہنگامی حکمت عملی اختیار کی جائے ، پاسبان
کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی اکنامک ڈویژن اور پبلک ایشوز کے صدرابوبکر عثمان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کشیدہ اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ جاری ہے ۔۔۔
ایسے غیر معمولی حالات میں پاکستان کو بھی تیل کی قیمتوں کے تعین کے لیے ہنگامی معاشی حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے تاکہ عوام اور قومی معیشت کو ممکنہ بڑے نقصان سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آزاد معاشی ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے جو عالمی مارکیٹ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لے اور انہیں اپ ڈیٹ کرے ، کیونکہ موجودہ غیر یقینی صورتحال میں پندرہ روزہ قیمتوں کا نظام ملکی مفاد کے مطابق نہیں رہا۔ حکومت پٹرولیم سیکٹر میں موجود غیر ضروری منافع خوری، اجارہ داری اور ممکنہ گٹھ جوڑ کا شفاف آڈٹ کرائے ۔ عوامی مفاد کو اولین ترجیح دے اور ایسے کاروباری افراد کی حوصلہ شکنی کرے جو حساس معاشی حالات میں اپنے مفادات کے لیے پوری قوم کو یرغمال بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ابوبکر عثمان نے پٹرول پمپ مالکان کی مجوزہ ہڑتال کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نازک معاشی حالات میں ہڑتال کا اعلان قومی معیشت پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments