ٹماٹر بھی عوام کی پہنچ سے باہر،فی کلو قیمت500تک جاپہنچی،انتظامیہ خاموش
ایرانی ٹماٹروں کی ترسیل کے باوجود کراچی کے شہریوں کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا،سبزی فروشوں نے ٹماٹر کی قیمت کو پر لگا دیے ، قیمت سن کر شہریوں کے ہوش اڑ گئے
کراچی(این این آئی)سبزی فروشوں نے ٹماٹر کی قیمت کو پر لگا دیے ، قیمت سن کر شہریوں کے ہوش اڑ گئے ۔ایرانی ٹماٹروں کی ترسیل کے باوجود کراچی کے شہریوں کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا، شہر میں ٹماٹر کی قیمتیں مزید بڑھ کر 450 سے 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئیں۔ اس وقت متعدد تاجر ایرانی اور کوئٹہ کے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو یا 110 سے 125 روپے فی پاؤ کے حساب سے بیچ رہے ہیں۔کچھ تاجر چھوٹے سائز کے اور کچے ٹماٹر 400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ چند ہفتے پہلے فی کلو ٹماٹر کی قیمت 60 سے 80 روپے ہوا کرتی تھی لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے ایک ٹماٹر کی قیمت ہی 50 روپے ہے ۔ آڑھتیوں کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ ملکی پیداوار اور بیرونی انحصار کا نتیجہ ہے ۔ سردیوں میں سندھ اور جنوبی پنجاب کے ٹماٹر مارکیٹ میں سپلائی کیے جاتے ہیں،اس کے بعد مرکزی پنجاب کا ٹماٹر شروع ہو جاتا ہے ،ابھی پنجاب سے سپلائی ختم ہو گئی اور خیبر پختونخوا اور بلوچستان کا ٹماٹر سپلائی ہو رہا ہے لیکن طلب زیادہ اور رسد کم ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ٹماٹر کی قیمت کنٹرول کرنے کے بجائے خاموش تماشائی کا کردار اداکررہی ہے ۔ایک طرف مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری جانب دکانداروں کی جانب سے خودساختہ قیمتوں نے بھی اس سبزی کو عوام کی پہنچ سے دور رکھا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments