بھتہ خوری کے 81 فیصد کیسزحل،61 ملزمان گرفتار،6مارے گئے

بھتہ خوری کے 81 فیصد کیسزحل،61 ملزمان گرفتار،6مارے گئے

آئی جی کی تاجر و صنعت کاروں سے رابطے ، صنعتی علاقوں میں انٹیلی جنس نیٹ ورک اور پولیس گشت بڑھانے کی ہدایت بھتہ خوری کی ہر شکایت کی نگرانی ڈی آئی جی خود کریں، غفلت پر ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی ہوگی، جاوید عالم اوڈھو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو کی زیرصدارت صوبے بالخصوص کراچی میں بھتہ خوری کی شکایات اور پولیس اقدامات سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیزکراچی،سی ٹی ڈی،ڈی آئی جیز ہیڈکواٹرز،سی آئی اے ،زونل ڈی آئی جیزایس ایس پیز،ایس پیزانوسٹی گیشنز،ایس ایس پی ایس آئی یو،اے وی ایل سی نے بالمشافہ جبکہ ڈویژنل اور ضلعی ایس ایس پیز نے بذریعہ وڈیولنک شرکت کی۔ اجلاس میں تاجرو صنعت کاروں کی جانب سے بھتہ خوری کی حالیہ شکایات اور پولیس اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء کو ایس ایس پی ایس آئی یو اور متعلقہ ڈی آئی جیز نے بھتہ خوری کی شکایات، رجحانات اور پولیس کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال جنوری سے اب تک موصول ہونے والی شکایات اور درج مقدمات میں 47 فیصد کیسز ذاتی، مالی لین دین یا کاروباری تنازعات پر مبنی تھے ۔اصل بھتہ خوری کے کیسز میں 81 فیصد مقدمات کامیابی سے حل کر لیے گئے ہیں۔کارروائیوں کے دوران 6 بھتہ خور پولیس مقابلوں میں ہلاک جبکہ 61 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس بھتہ خوری کی شکایات سے متعلق تاجروں،صنعت کاروں اور مختلف کاروباری تنظیموں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔تاجروں اور صنعت کاروں کے مختلف وفودکے ساتھ اجلاس منعقدہوچکے ہیں۔ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ بھتہ خوروں کے خلاف شاندارکارروائی پرایڈیشنل آئی جی کراچی،متعلقہ ڈی آئی جیز،سی آئی اے اور ایس ایس پی ایس آئی یوکوشاباش تمام متعلقہ ایس ایس پیز اور ایس ایچ اوز تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ باقاعدہ اجلاس اور مؤثر رابطوں کو یقینی بنائیں ۔بھتہ خوری کی ہر شکایت کی نگرانی متعلقہ ڈی آئی جی خود کریں اور اس کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیں۔صنعتی اور کاروباری علاقوں میں انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے ۔مقامی تاجروں اور صنعت کاروں کے تعاون سے داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے ۔کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور غفلت پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...