روہڑی، لاڑکانہ، ماتھیلو میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق
قومی شاہراہ روہڑی پر زاہد حسین ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنا، ملزمان فرارلاڑکانہ کے گاؤں نہال میانی میں عقیل احمد، ماتھیلو میں ذوالفقار مارے گئے
اندرون سندھ (نمائندگان)روہڑی، لاڑکانہ اور میرپور ماتھیلو میں 3 افراد کو قتل کردیا گیا۔ روہڑی سے اپنے گھر سانگی جانیوالے مزدور نوجوان زاہد حسین جتوئی کوقومی شاہراہ فاطمہ فارم کے مقام پر سڑک کنارے کھڑے مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل چھیننے کے ارادے سے رکنے کا اشارہ کیا نہ رکنے پر اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان کوشدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے ۔ زخمی نوجوان زاہد حسین نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
لاڑکانہ کے قریب گاؤں نہال کی میانی میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نوجوان عقیل احمد سہتو کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے ، پولیس نے لاش چانڈکا اسپتال منتقل کردی، اس موقع پر مقتول کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ جتوئی اور عمرانی برادری سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے ہمارے نوجوان عقیل احمد سہتو کو قتل کرکے ہمارے ساتھ بڑی زیادتی کی ہے ۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
میرپور ماتھیلو بائی پاس پر نامعلوم مسلح افراد نے دن دیہاڑے دکان میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ذوالفقار کولاچی جاں بحق ہوگیا، واقعہ کے خلاف ورثا کی جانب سے مقتول کی لاش رکھ کر قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا جس کے باعث دونوں اطراف کی ٹریفک معطل ہوگئی، تاہم پولیس کی یقین دہانی پر دھرنا مؤخر کردیا گیا، بعد ازاں پولیس کی جانب سے مقتول کے قتل کا مقدمہ مسمات روبینہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ۔ مقدمے میں کوڑو کولاچی، اسرار کولاچی، زبیر کولاچی، عرفان کولاچی اور تین نامعلوم ملزمان سمیت مجموعی طور پر 7 افراد کو نامزد کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments