ایس ایچ او سجاول سمیت 6 پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمے کا حکم
میر محمد ودیگر نے شہری منیر آمڑو کوحبس بیجا میں رکھا، مجسٹریٹ نے بازیاب کرایا
سجاول، بدھوتالپر (نامہ نگاران)سجاول کی عدالت نے ایس ایچ او سجاول میر محمد گادھی سمیت 6 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ شہری منیر آمڑو کو حبس بیجا میں رکھنے پر حکم صادر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سجاول میں فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج اعجاز شاہ کی عدالت نے شہری منیر آمڑو کو مبینہ طور پر غیر قانونی حراست (حبسِ بے جا) میں رکھنے کے معاملے پر ایس ایچ او سجاول میر محمد گاڈھی سمیت 6 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے یہ حکم شہری کے ورثاء کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد جاری کیا۔
درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ عبدالقادر خاصخیلی نے مؤقف اختیار کیا کہ منیر آمڑو کو پولیس نے غیر قانونی طور پر اپنی تحویل میں رکھا ہوا تھا، جسے گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈ سول جج نے نجی جگہ پر چھاپہ مار کر بازیاب کروایا تھا۔ بازیاب شہری کے ورثاء کی استدعا پر نوجوان منیر آمڑو کو پولیس کی غیر قانونی حراست سے بازیاب کروالیا گیا۔ جس پر قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈ سول جج نے ایک نجی مقام پر چھاپہ مار کر منیر آمڑو کو پولیس کی مبینہ غیر قانونی حراست سے بازیاب کرایا تھا۔ عدالتی حکم میں ایس ایچ او سجاول میر محمد گاڈھی، پولیس کانسٹیبل بلاول چانڈیو، امیر جھنڈیل، منیر ملاح سمیت مجموعی طور پر 6 پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments