گھوٹکی:کچے میں ایک لاکھ بچوں کوبوسٹر ڈوز لگانے کافیصلہ

گھوٹکی:کچے میں ایک لاکھ بچوں کوبوسٹر ڈوز لگانے کافیصلہ

مقصد بچوں کا مدافعتی نظام مضبوط بنانا ہے ، ڈپٹی کمشنر آفس میں آگاہی سیمینار8سے 15اگست 6یونین کونسلز میں مہم چلائی جائے گی، یونیسیف عہدیدار

گھوٹکی (نامہ نگار)ضلع گھوٹکی کے کچے کے علاقوں میں ایک لاکھ سے زائد بچوں کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بوسٹر ڈوز لگانے کا فیصلہ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میرپور ماتھیلو میں سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور میڈیا رپورٹرز کے لیے ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ جس میں بریفنگ دیتے ہوئے یونیسف کے ڈاکٹر رحیم گڈانی نے بتایا کہ 8 اگست سے 15 اگست تک تحصیل گھوٹکی کے کچے کی 6 یونین کونسلوں، قادرپور، محمد خان گھوٹو، سندرانی، جمال، وسطی قطب شاہ اور باگو ڈھو، جبکہ اوباڑو کچے کی 4 یونین کونسلوں، چانڈیا، بانڈ، رونتی اور وسطی جیون شاہ میں ایک لاکھ 8 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے تحت جیٹ انجیکٹر کے ذریعے بوسٹر ڈوز بھی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بچوں کا مدافعتی نظام مزید مضبوط ہوگا اور وہ پولیو سمیت مختلف بیماریوں سے بہتر تحفظ حاصل کر سکیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیدائش سے چار ماہ تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ، جبکہ چار ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو بوسٹر ڈوز بھی دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جیٹ انجیکٹر میں سوئی استعمال نہیں ہوتی، اس لیے بچوں کو کسی قسم کی تکلیف یا درد محسوس نہیں ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل بنگل خان مہر نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے متعلقہ یونین کونسلوں کے منتخب نمائندوں اور لوکل گورنمنٹ کے عملے کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...