کراچی بارایسوسی ایشن کی ہڑتال ،سٹی کورٹ میں عدالتی امور ٹھپ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث سٹی کورٹ میں عدالتی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ، وکلا نے سائلین اور سرکاری فریقین کے لیے سٹی کورٹ کے دروازے بند کردیے جبکہ پولیس اہلکاروں کو بھی احاطہ عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
کراچی بار ایسوسی ایشن نے گلبہار تھانے میں کراچی بار کے سابق رکن منیجنگ کمیٹی کے ساتھ مبینہ تشدد، ہراسانی اور ناروا سلوک کے خلاف سٹی کورٹ میں پولیس کے داخلے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے صبح سویرے سٹی کورٹ کے داخلی دروازے بند کردیے ، جس کے باعث سائلین اور سرکاری فریقین کو بھی عدالتوں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہڑتال کے باعث جیلوں سے قیدیوں کو بھی مقدمات میں پیشی کے لیے سٹی کورٹ نہیں لایا گیا۔ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ اور دیگر عدالتی کارروائیوں کے لیے بھی پولیس اور متعلقہ فریقین کو عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کراچی بارنے گلبہار تھانے کے ایس ایچ او کی جانب سے وکیل کے ساتھ سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ تشدد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments