انٹر پری میڈیکل سمیت مختلف گروپس کے نتائج جاری
کامیابی کا تناسب 61.43 فیصد، پہلی دو پوزیشنیں طالبات کے نام پری میڈیکل گروپ میں 23 ہزار 7 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے
کراچی (این این آئی)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے بارہویں جماعت سائنس پری میڈیکل، آرٹس پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر) اور ہوم اکنامکس گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا۔چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پری میڈیکل گروپ میں پہلی دو پوزیشنیں سرکاری کالج کی طالبات نے حاصل کی ہیں۔ بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ حفصہ خان نے 1100 میں سے 1011 نمبر لے کر پہلی، اسی کالج کی ہدیٰ سرور نے 1007 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ بحریہ کالج کارساز کی طالبہ آمنہ عزیز نے 1004 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں 23 ہزار 7 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔
جن میں سے 14 ہزار 134 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 61.43 فیصد رہا۔آرٹس پرائیویٹ گروپ میں رافعہ شعیب جالی والا نے 925 نمبر لے کر پہلی، الماس فاطمہ اور خانسا رضا نے 902 نمبر کے ساتھ مشترکہ دوسری جبکہ امرہ شعیب جالی والا نے 901 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ہوم اکنامکس گروپ میں رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی طالبہ ازکیٰ عمران نے 973 نمبر لے کر پہلی، عائلہ انور نے 968 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ یمنیٰ شارق نے 953 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر) میں ابصا ہائر سیکنڈری اسکول کے سید حماد علی نے 1004 نمبر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments