2کروڑ 40لاکھ سے زائد افراد کو ذہنی صحت کی خدمات کی ضرورت ،ڈبلیو ایچ او
کراچی(این این آئی)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق پاکستان میں 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد کو ذہنی صحت کی خدمات کی ضرورت ہے ، تاہم ملک میں اس شعبے کے ماہرین کی شدید کمی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں صرف 300 سے 340 ماہرینِ نفسیات موجود ہیں، جس کے باعث اوسطاً ہر 7 سے 8 لاکھ افراد کے لیے صرف ایک ماہرِ نفسیات دستیاب ہے ۔ اس کے علاوہ تقریباً 478 ماہرینِ نفسیات، 3 ہزار 145 سماجی کارکن اور صرف 22 پیشہ ورانہ بحالی کے معالج ذہنی صحت کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔پاکستان سائیکیٹری سوسائٹی کے صدر پروفیسر واجد علی اخوندزادہ کے مطابق ہر چار میں سے ایک نوجوان اور ہر پانچ میں سے ایک بچہ کسی نہ کسی نفسیاتی مسئلے کا شکار ہے ، جبکہ تقریباً 10 فیصد آبادی منشیات کے استعمال میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ذہنی امراض کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے مقابلے میں ماہرین اور علاج کی سہولیات ناکافی ہیں، اس لیے ذہنی صحت کو قومی صحت اور سماجی پالیسی کا اہم حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments