ایم کیوایم مرکز پرتصادم کامقدمہ سرکاری مدعیت میں درج
ایم کیوایم مرکز پرتصادم کامقدمہ سرکاری مدعیت میں درج انسداد دہشتگردی ، ہوائی فائرنگ بلوہ، املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل
کراچی(اسٹاف رپورٹر،این این آئی)بہادر آباد میں ایم کیو ایم مرکز پر دو گروہوں میں مسلح تصادم کا مقدمہ درج،مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں سرکار مدعیت میں درج کیا گیا، پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں انسداد دہشتگردی اور ہوائی فائرنگ کی دفعات شامل مقدمے میں ہنگامہ آرائی، بلوہ، املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات بھی شامل کی گئیں مقدمے کے متن کے مطابق مسلح تصادم اور لڑائی جھگڑے میں 3 افراد زخمی ہوئے ،ملزم اظہر عرف لمبا اور ذیشان نے 20 سے 25 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ ہوائی فائرنگ اور جھگڑا کیا، ہوائی فائرنگ اور جھگڑے کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔مزید برآں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی دفتر کے باہر دو روز قبل پیش آنے والے تصادم اور فائرنگ کے واقعے کے بعد حراست میں لیے گئے کارکن عبدالرحمان بھولا کو رہا کردیا گیا۔پولیس کے مطابق دو روز قبل ایم کیو ایم کے بہادرآباد میں مرکزی دفتر کے باہر ہونے والے واقعے کے بعد عبدالرحمان بھولا سمیت ایم کیو ایم پاکستان کے متعدد کارکنان کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی مکمل ہونے کے بعد عبدالرحمان بھولا کو رہا کر دیا گیا جبکہ واقعے سے متعلق دیگر قانونی پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے ۔واضح رہے کہ تصادم اور فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے متعدد کارکنان کو حراست میں لیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments