میرپورخاص:ضبط گندم چکیوں کو واپس یا رقم دی جائے ،مالکان
تمام دستاویز،حکومتی تقاضے موجود، اسکے باوجود غیرمنصفانہ رویہ اختیار کیا گیامطالبات پر عمل نہ ہوا تو عدالتوں سے رجوع کریں گے ، فیضان، آصف و دیگر
میرپورخاص (بیورو رپورٹ ) میرپورخاص آٹا چکی ایسوسی ایشن نے چکی مالکان کو درپیش مسائل کے فوری حل اور ریلیف کی فراہمی کے لیے چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو تحریری درخواست ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی کا ازالہ کیا جائے ۔ درخواست میں چکی مالکان ملک فیضان، آصف ملک، عجب گل پٹھان اور سہیل احمد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چند روز قبل انتظامیہ کی جانب سے ان کی آٹا چکیوں سے ہزاروں من گندم زبردستی اٹھا لی گئی تاہم تاحال نہ تو گندم واپس کی گئی اور نہ ہی اس کی قیمت ادا کی گئی ہے ، ان کے پاس آٹا چکی چلانے سے متعلق تمام قانونی دستاویزات اور حکومتی تقاضے مکمل موجود ہیں، اس کے باوجود ان کے ساتھ غیرمنصفانہ رویہ اختیار کیا گیا۔ اگر انتظامیہ کو کسی قسم کا اعتراض تھا تو قانون کے مطابق پہلے نوٹس جاری کیا جاتا مؤقف سننے کا موقع دیا جاتا اور مقررہ قانونی طریقہ کار اختیار کیا جاتا، مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ غیرقانونی کارروائی کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ انکوائری کراکرضبط کی گئی گندم فوری واپس یا اس کی رقم ادا کی جائے ، جبکہ ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور آئندہ کسی آٹا چکی مالک کے خلاف بغیر قانونی طریقہ کار کارروائی نہ کی جائے ۔مطالبات پر عملد نہ کیا گیا تو اپنے قانونی حقوق کیلئے عدالتوں و دیگر مجاز فورمز سے رجوع کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments