جماعت اسلامی کامہنگائی، پٹرول قیمتوں کیخلاف کل احتجاج کا اعلان
مہنگائی کا شدید طوفان برپا، عام شہری کی زندگی انتہائی دشوار ہو گئی ، حافظ سلمان کرایوں سمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی، عوام احتجاج میں بھرپور شرکت کریں،سائرہ خلیق
میرپورخاص، حیدر آباد (بیورورپورٹ) جماعت اسلامی کا بڑھتی کمر توڑ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جمعہ کو احتجاج کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی میرپورخاص نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں میرپور خاص، حیدرآباد ٹول پلازہ اور میرپورخاص مٹھی روڈ پر دھرنے کا اعلان کر دیا ۔یہ اعلان جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص کے امیر حافظ سلمان خالد، نائب امیر تحسین احمد بھٹو، شکیل احمد فہیم، نور الٰہی مغل، نادر خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی کا شدید طوفان برپا ہو چکا ہے ، جس سے عام شہری کی زندگی انتہائی دشوار ہو گئی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔حیدر آباد میں جماعت اسلامی خواتین ونگ نے بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی کیخلاف جمعہ کو احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے ۔ جماعت اسلامی خواتین ونگ کی ضلعی قائم مقام ناظمہ سائرہ خلیق نے پریس کلب میں فخرالنسا، عائشہ وحید اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ملک کے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،ہر روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے ہر شہری کو متاثر کیا ہے ۔پٹرول قیمت میں اضافے کے باعث اشیائے خور و نوش سمیت ٹرانسپورٹ کرایوں میں مسلسل اضافہ معمول بن چکا ہے ، جس کے نتیجے میں ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے ۔انہوں نے احتجاجی ریلی میں خواتین سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments