حکمرانوں کو 18سال بعد ٹوٹی سڑکیں یاد آئیں، فنکشنل لیگ
عوام کو وقتی نمائشی اقدامات نہیں مستقل شہری سہولیات اور عملی اقدامات درکار کیا کراچی کے شہری صرف مذہبی تہواروں پر حکومت کی توجہ کے مستحق ؟ترجمان
کراچی (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے ترجمان نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے 12 ربیع الاول کے موقع پر خراب سڑکوں، بند نالوں اور ابلتے سیوریج کو فوری درست کرنے کی ہدایات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو وقتی نمائشی اقدامات نہیں بلکہ مستقل شہری سہولیات اور عملی اقدامات درکار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کو اچانک احساس ہوا ہے کہ کراچی کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی، نالے بند اور سیوریج ابل رہا ہے ، سوال یہ ہے کہ کیا یہ مسائل 12 ربیع الاول سے ایک دن پہلے پیدا ہوئے ہیں؟انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری برسوں سے ٹوٹی سڑکوں، بدحال سیوریج، کچرے کے ڈھیروں اور بند نالوں کا عذاب بھگت رہے ہیں۔ ہر بڑے تہوار یا اہم موقع سے قبل عارضی صفائی اور مرمت شروع کردی جاتی ہے ، لیکن چند دن بعد شہر دوبارہ بدانتظامی کے حوالے کردیا جاتا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ اگر حکومت چند دنوں میں سڑکیں، نالے اور سیوریج درست کرسکتی ہے تو پھر پورا سال یہ کام کیوں نہیں کیا جاتا؟ کیا کراچی کے شہری صرف مذہبی تہواروں پر حکومت کی توجہ کے مستحق ہیں؟مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی سندھ صرف احکامات جاری کرنے کے بجائے متعلقہ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا احتساب کریں، ذمہ دار افسران کا تعین کریں اور کراچی کے شہری مسائل کے مستقل حل کے لیے واضح ٹائم فریم دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments