بڑھتے جرائم سندھ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ،پی ٹی آئی
عوام کو ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا شہریوں کے حقوق اور امن کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ، رضوان نیازی
کراچی (آئی این پی)پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر رضوان نیازی نے کراچی میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں جرائم کی بڑھتی وارداتیں سندھ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ، لیکن کراچی کے عوام کو ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی (سی پی ایل سی) کی جانب سے جاری کردہ جولائی کے جرائم کے اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں۔ یہ صرف وہ جرائم ہیں جو رپورٹ اور رجسٹرڈ ہوئے ہیں جبکہ کراچی میں ہونے والے جرائم کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے ۔ شہری بڑی تعداد میں وارداتوں کی رپورٹنگ سے گریز کرتے ہیں، جس کے باعث جرائم کی حقیقی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو مسلسل خوف اور عدم تحفظ کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ سندھ حکومت اور پولیس فوری طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی کریں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔رضوان نیازی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ کراچی کو جرائم پیشہ عناصر کے حوالے نہیں ہونے دیں گے ، پی ٹی آئی شہریوں کے حقوق، تحفظ اور امن کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments