کے فور کیلئے نظرثانی شدہ لاگت کی منظوری کا خیرمقدم
منصوبے کی تکمیل کروڑوں عوام کے لیے ریلیف کا باعث بنے گی،ایم کیوایم دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی،ترجمان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے بہادرآباد مرکز سے جاری بیان میں گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم (کے فور) کے لیے ایکنک کی جانب سے 172 ارب روپے کی نظرِ ثانی شدہ لاگت کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اور وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم پاکستان کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے کراچی کے عوام کو ایک اہم تحفہ دیا ہے ، ترجمان نے کہا کہ ایکنک کی منظوری کے بعد منصوبے کے لیے فنڈز کی فراہمی کی راہ ہموار ہو جائے گی اور برسوں سے تعطل کا شکار کے فور منصوبے پر تیزی سے عملی کام آگے بڑھ سکے گا۔ کراچی کے شہری طویل عرصے سے پانی کے شدید بحران کا سامنا کر رہے ہیں، اور اس منصوبے کی تکمیل شہر کے کروڑوں عوام کے لیے ریلیف کا باعث بنے گی، ترجمان نے کہا کہ اس اہم پیش رفت میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے آبی وسائل رعنا انصار کی مسلسل جدوجہد، انتھک محنت اور مؤثر کوششیں کلیدی حیثیت رکھتی ہے ۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے اس اہم فیصلے پر کراچی کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان شہریوں کے بنیادی حقوق کے حصول اور کراچی کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے اپنی جدوجہد اسی عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments