ڈکیتی کے خلاف ایدھی فاؤنڈیشن کے ملازمین کا احتجاج
فیصل ایدھی کی سربراہی میں احتجاج میں ملازمین کے اہل خانہ بھی موجود تھےایدھی سینٹر میں 65لاکھ روپے سے زائدکی ڈکیتی کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ایدھی سینٹر پر ڈکیتی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر ایدھی فاؤنڈیشن کے ملازمین کا احتجاج کیا گیا۔احتجاج ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی سربراہی میں کیا جا رہا تھا ۔احتجاج میں ایدھی سینٹر کے ملازمین اوران کے اہل خانہ بھی موجود تھے ،سول سوسائٹی کے ارکان اور پریس کلب کے ذمہ داران بھی اظہار یک جہتی کے لیے موجود تھے ۔ سہراب گوٹھ میں ایدھی سینٹر میں 65 لاکھ 49 ہزار 597 روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں سینٹر کے ملازم مظہر عباس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔ مقدمے کے متن کے مطابق واردات جمعہ کی شام تقریبا 4 بجے پیش آئی۔متن کے مطابق چار ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر ایدھی سینٹر پہنچے جن میں سے تین ملزمان اندر داخل ہوئے اور واردات کی جبکہ ایک ملزم باہر کھڑا رہا، ملزمان ایدھی سینٹر سے مجموعی طور پر 65 لاکھ 49 ہزار 597 روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ۔وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگانے کا حکم دیا اور کہا کہ ایدھی سینٹر غریبوں اور لاوارثوں کا سہارا ہے ، ایسے ادارے میں ڈکیتی ناقابل قبول ہے ۔وزیراعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو ایدھی انتظامیہ سے فوری رابطے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی فوری جانچ پڑتال کرکے ملزمان کو انجام تک پہنچایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments