دہم سائنس گروپ کی مارک شیٹس تیار،فراہمی آج سے شروع ہوگی
مختلف ٹاؤنز کے اسکولوں کو 13 اگست تک فراہم کی جائیں گی، اسکول سربراہان کو وصولی کی ہدایت
کراچی (این این آئی) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے دہم جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کی مارک شیٹس جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے ، جس کے تحت الحاق شدہ اسکولوں کے سربراہان اپنے مجاز نمائندوں کے ذریعے مقررہ شیڈول کے مطابق مارک شیٹس حاصل کرسکیں گے ۔ اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ مارک شیٹس وصول کرنے کے لیے اپنے مجاز نمائندے کو اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ بھیجیں۔ بورڈ کے مطابق طلبہ و طالبات کے لیے علیحدہ اتھارٹی لیٹر لازمی ہوگا، جبکہ مجاز نمائندے کے پاس قومی شناختی کارڈ کی کاپی اور متعلقہ تعلیمی ادارے کا آفس کارڈ بھی ہونا ضروری ہے۔ جاری شیڈول کے مطابق 11 اگست 2026 کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ اور لیاقت آباد کے اسکولوں کی مارک شیٹس فراہم کی جائیں گی، جبکہ 12 اگست کو جمشید، گلشن اقبال اور شاہ فیصل کے اسکول مارک شیٹس حاصل کرسکیں گے ۔اسی طرح 13 اگست کو لانڈھی، کورنگی، ملیر، بن قاسم، صدر، لیاری، کیماڑی، بلدیہ، سائٹ، اورنگی اور گڈاپ کے اسکولوں کو مارک شیٹس جاری کی جائیں گی۔بورڈ کے مطابق مارک شیٹس کے حصول کا وقت صبح 9:30 بجے سے شام 4 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments