ملکی بقا واستحکام کیلئے سب کا اتحاد ناگزیر ہے ، جماعت اہلسنت

ملکی بقا واستحکام کیلئے سب کا اتحاد ناگزیر ہے ، جماعت اہلسنت

آزادی عظیم نعمت، قائدین کی یوم آزادی پرپوری قوم، ملت اسلامیہ کومبارکباد درخشاں دن ہمیں اسلاف کی قربانیاں یاد دلاتا، پروفیسر مظہر، حنیف طیب ودیگر

کراچی(سٹی ڈیسک)جماعت اہلسنت پاکستان کے قائدین ، علماء کرام اور مشائخ نے 14 اگست یومِ آزادی کے تاریخی موقع پر قوم وملت اسلامیہ کو دلی مبارکباد دی ہے ۔ مشترکہ بیان میں مرکزی امیر جماعت اہلسنت پروفیسر سید مظہر سعیدکاظمی، مرکزی نائب امیر جماعت اہلسنت پاکستان ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب، مرکزی ناظم اعلیٰ پیر خالد سلطان قادری، امیر جماعت اہلسنت سندھ پیر سید سردار علی شاہ جیلانی، ناظم اعلیٰ سندھ ڈاکٹر سید محمد عبدالوہاب اکرم قادری، چیف آرگنائزر سندھ پیر محمد کمال میاں سلطانی نے کہا ہے کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک درخشاں دن ہے جو ہمیں اسلاف کی بے مثال جدوجہد، لازوال قربانیوں اور اعلیٰ ترین وابستگی کی یاد دلاتا ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت اور اہلسنت کے علماء و مشائخ کی بھرپور حمایت کے ساتھ، برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن حاصل کر کے دنیا کا سب سے عظیم اسلامی معجزہ رونما کیا۔ اہلسنت رہنماؤں نے اپنے پیغام کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی عظیم ترین نعمتوں میں سے ایک ہے ، اس نعمت کی حقیقی قدردانی کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کو اپنا اولین دینی اور قومی فریضہ سمجھیں۔ پاکستان کا قیام محض کسی عارضی یا جغرافیائی ضرورت کے تحت عمل میں نہیں آیا تھا بلکہ اس کی بنیاد لا الہ الا اللہ محمدالرسول اللہ کے مقدس نظریے پر رکھی گئی تھی، اس سرزمین کی مٹی ہمارے بزرگوں، ماؤں اور بہنوں کے لہو سے سیراب ہوئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...