چہرے کی شناخت سے اساتذہ کی حاضری کا نظام تیار
سندھ کے 6اضلاع میں فیشل ریکگنیشن اٹینڈینس مانیٹرنگ سسٹم کل سے کام شروع کرے گا،کراچی شرقی، حیدر آباد، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمر کوٹ شاملانتظامات مکمل ،ابتدائی مرحلے میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف سمیت ساڑھے 49 ہزار عملے کی حاضری مانیٹر کی جائے گی،نظا م کو تمام اضلاع تک توسیع دینگے،وزیرتعلیم
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے 6 اضلاع میں سرکاری اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (فریمز)کا باقاعدہ نفاذ 17 اگست سے شروع کیا جائے گا۔محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں فریمز کے آغاز کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور پائلٹ مرحلے کے لیے صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے جس میں تدریسی عملے کے ساتھ نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری بھی مانیٹر کی جائے گی۔پہلے مرحلے میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ کے اضلاع شامل ہوں گے ۔ ڈیجیٹل موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ فریمز کی شروعات پائلٹ اقدام کے طور پر 6 اضلاع سے کی جا رہی ہے۔ کامیاب پائلٹ مرحلے کے بعد فریمز کو مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپلی کیشن کو یوزر فرینڈلی بنایا گیا ہے جبکہ ممکنہ تکنیکی مسائل کی نگرانی، نشاندہی اور بروقت حل کے لیے بھی باقاعدہ میکنزم وضع کیا گیا ہے ۔سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشن صرف حاضری کا نظام نہیں بلکہ طلبہ کے اس حق کو یقینی بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے کہ انہیں اسکول میں اساتذہ کی دستیابی حاصل ہو۔ ابتدائی مرحلے میں 6 اضلاع کے 49,565 تدریسی اور نان ٹیچنگ عملے کی حاضری فریمز کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔فریمز کے ذریعے حاضری لگانے کے لیے ہر استاد کے پاس ذاتی موبائل فون ہونا ضروری نہیں، استاد ہیڈ ماسٹر یا کسی ساتھی کے موبائل فون سے بھی اپنی حاضری لگا سکتا ہے۔
انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی صورت میں بھی حاضری درج کی جا سکے گی جبکہ انٹرنیٹ دستیاب ہوتے ہی حاضری خودکار طور پر اپڈیٹ ہو جائے گی۔حاضری کے لیے اسکول میں آنے اور جانے / اِن اینڈ آؤٹ دونوں انٹریز/ داخلہ کرنا لازمی ہوگا۔اساتذہ ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی حاضری کا ریکارڈ خود بھی دیکھ سکیں گے اور ماہ کے اختتام پر حاضری کا ریکارڈ ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے ۔ چھٹی کی صورت میں اساتذہ لیو ریکارڈ کی بنیاد پر دفتر کے چکر لگائے بغیر گھر سے ہی ایپلی کیشن کے ذریعے چھٹی کی درخواست جمع کرا سکیں گے جس کی منظوری آن لائن دی جائے گی۔ایپلی کیشن کے مؤثر استعمال کے لیے انتظامی افسران، اسکول سربراہان اور اساتذہ کی تربیت بھی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ اسکول سربراہان کو اساتذہ کی رہنمائی اور معاونت کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments