پاکستان پوسٹ آفس ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی:8ایکڑاراضی واگزار،تجاوزات اور فارم ہاؤس مسمار
سوسائٹی کی 60.25 ایکڑ زمین کا حصہ تھا، اراضی سروے نمبر 5، 6، 7، 8 اور 9 پر مشتمل اور گلزارِ ہجری، اسکیم 33 میں واقع سیکٹر A-13 اور A-53 کے نقشوں کی منظوری اور ریگولرائزیشن کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے جاری ہیں،سوسائٹی انتظامیہ
کراچی (این این آئی)پاکستان پوسٹ آفس ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ نے اپنی اراضی کے تحفظ کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ناردرن بائی پاس سیکٹر میں تقریباً 8 ایکڑ زمین پر قائم غیر قانونی تجاوزات اور فارم ہاؤس مسمار کر دیا۔ سوسائٹی انتظامیہ کے مطابق مسمار کیا جانے والا فارم ہاؤس تقریباً 8 ایکڑ اراضی پر قائم تھا، جو سوسائٹی کی مجموعی 60.25 ایکڑ زمین کا حصہ ہے ۔ مذکورہ اراضی سروے نمبر 5، 6، 7، 8 اور 9 پر مشتمل ہے اور تعلقہ تھمب، گلزارِ ہجری، اسکیم نمبر 33، ضلع ایسٹ کراچی میں واقع ہے ۔سوسائٹی انتظامیہ نے بتایا کہ سیکٹر A-13 اور A-53 کے نقشوں کی منظوری اور ریگولرائزیشن کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے اور پیش رفت جاری ہے ۔ چند تکنیکی مراحل باقی ہیں اور انتظامیہ کو امید ہے کہ جلد ممبران کو مزید خوشخبری ملے گی۔سوسائٹی انتظامیہ نے ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی الاٹمنٹ سے متعلق دستاویزات مکمل رکھیں اور تمام واجبات بروقت ادا کریں تاکہ ترقیاتی کاموں اور آئندہ الاٹمنٹ کے عمل میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔سہیل اقبال نے بتایا کہ سیکٹر A-25 اور A-26 کے متاثرہ ممبران کے حقوق کے حصول کے لیے عدالتی کارروائیاں بھی جاری ہیں اور منیجنگ کمیٹی اس معاملے کو قانونی تقاضوں کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ناردرن بائی پاس اور A-53 سیکٹر میں دستیاب فاضل یا منسوخ شدہ پلاٹس کو سوسائٹی کے قواعد و ضوابط اور قانونی تقاضوں کے مطابق A-25 اور A-26 کے مستحق ممبران کو ترجیحی بنیادوں پر الاٹ کرنے کی تجویز زیرِ عمل ہے ، تاہم متعلقہ ممبران کے لیے اپنے واجبات کی مکمل ادائیگی ضروری ہوگی۔منتخب خواتین رہنماؤں منیرہ علی اور ثروت اقبال نے بھی اس کامیابی کو سوسائٹی کی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ مینیجنگ کمیٹی کی مسلسل جدوجہد سے ممبران کا اعتماد مضبوط ہوا ہے اور کوآپریٹو ہاؤسنگ کے شعبے میں مثبت مثال قائم ہوئی ہے ۔سوسائٹی انتظامیہ نے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون کی پاسداری، شفافیت اور ممبران کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ ہر مستحق رکن اپنے پلاٹ کا قبضہ حاصل کر سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments