احتجاجی دھرنے عوامی امنگوں کے ترجمان بن گئے ،کاشف شیخ
حکومت نت نئے ٹیکس اور صوبوں کے وسائل پر قبضے کی پالیسی ترک کرےلیوی حکومتی بھتہ ٹیکس،خاتمے سے پٹرول 225 روپے لٹر تک آ سکتا ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی حکومتی بھتہ ٹیکس ہے جس کے خلاف کراچی سمیت چاروں صوبوں میں ہونے والے احتجاجی دھرنے عوامی امنگوں کے ترجمان بن چکے ہیں، حکومت عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے ، نت نئے ٹیکس عائد کرنے اور صوبوں کے وسائل پر قبضے کی پالیسی ترک کرے اور معیشت کی بدحالی، سود کی لعنت، دہشتگردی اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے مؤثر اور عملی اقدامات کرے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں معمولی سا اضافہ بھی روزمرہ زندگی کی ہر چیز کو مہنگا کر دیتا ہے جس کا براہ راست بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے ، پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور کم آمدنی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں حکومت کی جانب سے پٹرول پر بھاری لیوی عائد کرنا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور حکمران طبقے کی عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے نت نئے طریقے تلاش کر رہی ہے ۔ پٹرولیم لیوی بھی اسی عوام دشمن پالیسی کا حصہ ہے ۔ اگر حکومت پٹرولیم لیوی ختم کردے تو پٹرول کی قیمت تقریباً 225 روپے فی لیٹر تک آسکتی ہے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کا خون نچوڑنے میں حکومت کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی، یہی وجہ ہے کہ مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments