الگ صوبوں کی باتیں نفرت انگیز، گریز کرناچاہئے ، پارس ڈیرو
ہم پاکستانی ومسلمان، اتحاد، بھائی چارے ، یکجہتی کوفروغ دینا چاہئے ، ایم پی اےٹنڈو آدم پریس کلب میں استقبالیہ سے خطاب، شہر کے مسائل سے آگاہ کیا گیا
ٹنڈو آدم (نمائندہ دنیا)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سردار پارس ڈیرو نے کہا ہے کہ صوبوں کو الگ کرنے سے متعلق نفرت اور تفریق پیدا کرنے والی باتوں سے گریز کرنا چاہیے ، ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں، ملک میں اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو آدم پریس کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کلب پہنچنے پر منتخب عہدیداران اور اراکین نے سردار پارس ڈیرو کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر رانا مختار، جنرل سیکریٹری عاشق حسین ساند، وسیم فاروقی، عمر فاروق قریشی اور دیگر نے انہیں کلب اور شہر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
سردار پارس ڈیرو نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمان متعدد مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس صورتحال میں پاکستان میں بھی اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ میڈیا اور سوشل میڈیا کے کردار کے حوالے سے ایم پی اے نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں میڈیا ذمہ داری کے ساتھ عوام کو اتنی ہی معلومات فراہم کرتا ہے جتنی ضروری ہوتی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے متعدد مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو مثبت، ذمہ دارانہ اور محتاط انداز میں استعمال کیا جانا چاہیے ۔ جنگی حالات کے باعث نئی ترقیاتی اسکیمیں نہیں مل سکیں، تاہم شہر کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments