لیوی ٹیکس ختم، پٹرول 225 روپے لٹر کیا جائے ، منعم ظفر
آئی پی پیزکے ظالمانہ معاہدے منسوخ کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائےمطالبات کی منظوری تک دھرناجاری رہیگا،دھرنا گاہ میں اسپیشل افراد سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا گاہ میں قوت گویائی و سماعت سے محروم اسپیشل افراد کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا واضح و دوٹوک موقف ہے اور مطالبہ ہے کہ پٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کیا جائے اور پٹرول کی فی لیٹر قیمت 225روپے 3 سال کیلئے فکس کی جائے ، آئی پی پیز کے عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدے منسوخ اور ان کو اربوں روپے کی کیپیسٹی پیمنٹ بند کی جائے اور عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے ، مطالبات کی منظوری تک ہمارا دھرناجاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ کنونشن میں بڑی تعداد میں وہ لوگ موجود ہیں جو قوت سماعت اور گویائی سے محروم ہیں،یہ لوگ پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف احتجاج میں شریک ہیں،خصوصی افراد اپنی محرومی کے باوجود احتجاج میں شریک ہو کر اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کر رہے ہیں مگر حکمراں کچھ سننے اور دیکھنے سے محروم نظر آتے ہیں۔علاوہ ازیں گورنر ہاؤس پر جاری دھرنے کے نویں دن خواتین کنونشن منعقد کیا گیا جس میں شہر بھر سے خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔خواتین نے مختلف بینرز و پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنے سمیت دیگر نعرے درج تھے ۔ خواتین کنونشن سے جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سابق سکریٹری جنرل دردانہ صدیقی، حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم، نائب ناظمہ فرح عمران دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments