جشن میلاد النبیؐ پر صفائی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت

جشن میلاد النبیؐ پر صفائی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت

عرقِ گلاب، پانی اور چونے کا چھڑکاؤ ،خصوصی کیمپ قائم کیے جائیں گے شہریوں کیلئے پانی و شربت کا انتظام کیا جائیگا،ایم ڈی سالڈ ویسٹ فواد غفار

کراچی(این این آئی)سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر فواد غفار سومرو نے جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں شہر کی اہم شاہراہوں، جلوسوں کے راستوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں اور اطراف میں صفائی کے ساتھ عرقِ گلاب، پانی اور چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے جب کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جلوس کے راستوں پر خصوصی کیمپ قائم، اضافی عملہ تعینات اور مکینیکل سوئپنگ کے انتظامات کیے جائیں۔

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے روز تمام کیمپوں پر عوام کی سہولت کے لیے پانی اور شربت کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ شہریوں کی رہنمائی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے کیمپوں میں عملہ موجود رہے گا ۔ان کی ہدایت پر متعلقہ افسران نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا جب کہ علماء کرام اور جلوسوں کے منتظمین سے بھی ملاقاتیں کیں۔فواد غفار سومرو نے متعلقہ افسران اور صفائی کمپنیوں کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ ماہِ ربیع الاول کے دوران شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور صفائی کے حوالے سے کسی شکایت کا موقع نہ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے دوران مسلسل صفائی کے لیے سینیٹری عملہ تعینات کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...