محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ، بسوںمیں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ موثر بنانے پر اتفاق
ہراسانی کے واقعات روکنے کیلئے خواتین کے تحفظ کے سیلز کو بااختیاربنایا اور اینٹی ہراسمنٹ پوسٹرز آویزاں کیے جائیں گے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور آر ٹی اے نذر شاہانی کی ملاقات ، قانون پر عمل درآمد کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال
کراچی(این این آئی)سندھ میں خواتین سمیت دیگر شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں ہراساں کیے جانے کے واقعات کی روک تھام اور محفوظ سفری ماحول کی فراہمی کے لیے سندھ پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے مشترکہ اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ اور آر ٹی اے نذر شاہانی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ہراسگی کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے ، عوامی آگاہی بڑھانے اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خواتین سمیت تمام شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کے لیے پولیس، محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔
حکام نے پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمروں کی مؤثر نگرانی ہراسگی کے واقعات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ کسی واقعے کے بعد ملزمان کی شناخت اور شواہد اکٹھے کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔ ملاقات میں خواتین کے تحفظ کے لیے قائم سیلز کو مزید بااختیار بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ خواتین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جاسکے ۔ حکام کے مطابق ہراسگی کی شکایات کے لیے ایسا نظام ہونا چاہیے جہاں متاثرہ خاتون کو شکایت درج کرانے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شکایت موصول ہوتے ہی متعلقہ ادارے فوری کارروائی کرسکیں۔
اس مقصد کے لیے سندھ پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے درمیان رابطہ کاری مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا، تاکہ شکایات کے ازالے اور قانونی کارروائی کے عمل کو مؤثر بنایا جاسکے ۔پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف عوامی آگاہی مہم کو سندھ بھر میں وسعت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں سندھ بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ پر اینٹی ہراسمنٹ پوسٹرز آویزاں کیے جائیں گے ، جن کے ذریعے مسافروں کو ہراسگی کے خلاف دستیاب قانونی راستوں اور شکایات درج کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سندھ پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے درمیان مشترکہ حکمت عملی اور مربوط منصوبہ بندی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments