میرپور خاص:سگ گزیدگی کیسز بڑھ گئے ، ہفتے میں 70واقعات
سول اسپتال میں مریض لائے گئے ، بڑی تعداد بچوں، خواتین کی ہے ، ڈاکٹرزگلی محلوں، اسکولوں کے اطراف آوارہ کتوں کے غول، کارروائی نہیں ہوتی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، ایک ہفتے کے دوران سول اسپتال میں 70 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص ضلع میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، سول اسپتال میرپورخاص کے ایمرجنسی وارڈ کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کتے کے کاٹنے کے 70 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرین میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی شامل ہے جو روزانہ کی بنیاد پر درجنوں افراد ویکسین اور ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچ رہے ہیں، شہریوں میں اس صورتحال پر شدید تشویش پائی جاتی ہے ، والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے معصوم بچوں کی حفاظت کیلئے شدید پریشان ہیں کیونکہ گلی، محلوں اور اسکولوں کے اطراف آوارہ کتوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ، مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر مہم چلائی جائے ۔ دوسری جانب تعلقہ جھڈو کے گاؤں لیاقت رند کا رہائشی 12 سالہ معصوم اشفاق ولد رزاق چانڈیو آوارہ کتے کے کاٹنے سے شدید زخمی ہونے کے بعد تعلقہ جھڈو کی اسپتال سے میرپورخاص سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے جبک تعلقہ سندھڑی 11 سالہ ابوبکر کراچی جناح اسپتال میں دوران علاج انتقال کر چکا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments