کال سینٹر پر چھاپہ، غیر ملکیوں سے فراڈ کے 6ملزمان گرفتار
چھاپے میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز برآمد، مالکان سمیت ایجنٹس پکڑے گئے ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں کا افسر ظاہر کرکے رقوم بٹورتے تھے ، مقدمہ درج
کراچی(این این آئی) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ایک کال سینٹر پر کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کو مبینہ طور پر فراڈ کا نشانہ بنانے والے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔این سی سی آئی اے حکام کے مطابق کال سینٹر میں مختلف اسکیموں کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا تھا، جہاں ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں کا افسر ظاہر کرکے شہریوں سے رقوم بٹورتے تھے ۔حکام نے کہا کہ ملزمان غیر ملکی شہریوں کی ذاتی اور مالی معلومات، بشمول ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرکے انہیں مبینہ طور پر فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کرتے تھے ۔این سی سی آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر گلستانِ جوہر میں قائم کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں کارروائی کے دوران مبینہ فراڈ میں استعمال ہونے والے متعدد لیپ ٹاپس اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ۔حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں کال سینٹر کے مالکان محمد لائق اور محمد فاضل سمیت مختلف ایجنٹس شامل ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے تاکہ فراڈ کے نیٹ ورک، اس میں ملوث دیگر افراد اور غیر ملکی شہریوں سے کی جانے والی مبینہ وارداتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔این سی سی آئی اے حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ این سی سی آئی اے کراچی میں درج کرلیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments