نوزائیدہ بچہ کچرا کنڈی میں پھینکنے والی خاتون زیرحراست
مشکوک خاتون نیو کراچی کی رہائشی ،ذہنی توازن درست نہیں ،پولیس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمودآباد کے علاقے لیاقت اشرف کالونی میں مددگار 15 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 سے 7 ماہ کے بچے کو کچرا کنڈی میں پھینکنے کی کوشش کرنے والی مشکوک خاتون کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق مددگار 15 کو محمودآباد میں مشکوک خاتون کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ خاتون بچے کو چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔ مددگار 15 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو زیر حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا جہاں ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ مشکوک خاتون نیو کراچی کی رہائشی ہے اور ذہنی توازن درست نہیں ہے ۔ وہ اپنے بھائی کے گھر لیاقت اشرف کالونی آئی ہوئی تھی۔ مبینہ طور پر خاتون گھر والوں کو گھر کے باہر بیٹھنے کا کہہ کر اپنے بچے سمیت علاقے میں نکل گئی اور کچرا کنڈی کے قریب اپنا بچہ پھینک دیا۔موقع پر موجود خواتین نے خاتون کو اغوا کار سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا۔ تھانے میں اہلِ خانہ سے رابطہ کر کے ان کا بیان قلمبند کیا گیا۔ پولیس نے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد خاتون اور بچے کو ورثا کے حوالے کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments