ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد ،ڈی آئی جی کانوٹس
ملزمان نے ساتھیوں کے ہمراہ بیس بال کے بلے سے مارا،ویڈیو وائرلایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ انکوائری افسر مقرر ،رپورٹ طلب کرلی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیفنس فیز 8 میں نوجوان پر انسانیت سوز تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان کو بیس بال کے بلے سے بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان نے لڑکے کو دبوچا ہوا ہے اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ بیس بال کے بلے سے نہ صرف مارتا ہوا بلکہ نوجوان کے کندھے پر بیٹھ کر اس کے سر پر کہنی مارتے ہوئے بھی دکھائی دیا۔مذکورہ واقعے میں تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کا نام علی بتایا جا رہا ہے وہ ہاتھ جوڑ کر یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ ابراہیم بھائی معاف کردو، ویڈیو میں تشدد کرنے والے نوجوان کے ہمراہ اس کے دیگر ساتھی بھی اس کی معاونت کرتے ہوئے دکھائی دیے ، جس کے نتیجے میں تشدد کا شکار نوجوان کی ٹانگ بھی شدید متاثر بتائی جاتی ہے ۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ڈیفنس فیز 8 میں نوجوان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے ۔انہوں نے ہدایت دی ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والوں کا فوری طور پر سراغ لگایا جائے ، متاثرہ نوجوان سے رابطہ کر کے واقعے کی مزید معلومات حاصل کی جائیں اور فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments