لیوی،آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف دھرنا 23ویں روز بھی جاری

لیوی،آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف دھرنا 23ویں روز بھی جاری

عوام ملک کی تاریخ کا مہنگا ترین پٹرول و ڈیزل خرید رہے ہیں،منعم ظفرخانشاہ لطیف ٹاؤن سے پیدل قافلہ، بلدیہ سے سائیکل ریلی گورنر ہاؤس پہنچ گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی،آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس پر دھرناپیر کو23ویں دن بھی جاری رہا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے ڈھائی برس میں فی لٹر پٹرول پر 178 اور ڈیزل پر 233روپے اضافہ کر کے عوام کی کمر پر مہنگائی کا کوڑا مارا ہے جبکہ لیوی کی مد میں 3137ارب کا بھتہ وصول کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوام ملک کی تاریخ کا مہنگا ترین پٹرول و ڈیزل خرید رہے ہیں، یہ کتنا بڑا ظلم ہے کہ جس ملک کے اندر کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہے ہوں اور جہاں حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہوں وہاں ہر فرد لٹر پٹرول پر 130روپے لیوی اورد یگر ٹیکسز حکومت کو ادا کررہا ہے۔

لوگ پریشان ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں، گھر کے دیگر اخراجات پورے کریں یا حکومت کو یہ بھاری لیوی بھتہ ٹیکس اداکریں۔علاوہ ازیں د ھرنا گاہ میں ختم نبوت کانفرنس منعقد کی گئی۔ دریں اثناء شاہ لطیف ٹاؤن سے 40کلو میٹر پیدل سفر کر کے قافلہ گورنر ہاؤس پہنچا ۔منعم ظفر نے ان کا استقبال کیا۔ علاوہ ازیں بلدیہ ٹاؤن سے سائیکل ریلی نکالی گئی اور 127سائیکل سواروں کے قافلے کا ریگل چوک پر منعم ظفر نے استقبال کیا۔ بعد ازاں منعم ظفر نے خود سائیکل چلا کر ریلی کی قیادت کی اور ریلی گورنر ہاؤس پہنچی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...